بھٹکل5؍جون (ایس او نیوز)روٹری کلب اور بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے اشتراک سے خواتین کے لئے پیشہ وارانہ کورسس کا تربیتی مرکز جلد ہی قائم کیا جائے گا۔اس بات کی اطلاع پریس کانفرنس کے دوران روٹری کلب کے ذمہ دار راجیش نائک نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس تربیتی مرکز کے قیام کے لئے روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے اجازت مل گئی ہے اور اس کے لئے امریکہ کے کیلی فورنیا میں واقع روٹری کلب آف سلینا سانتا لوسیا کی طرف سے 27لاکھ روپوں کی امداد بھی موصول ہوئی ہے۔جس سے تربیت کے ضروری کمپیوٹرس اور دیگر سازوسامان فراہم کیا جاتا ہے۔تربیتی کورسس میں کمپیوٹرکی تعلیم، ڈی ٹی پی،فیشن ڈیزائننگ، ریڈی میڈ فوڈ،موم بتی سازی اور دیگر فنون کی تعلیم شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو عمل میں لانے کے لئے ڈاکٹر گوریش پڈکونی نے بہت محنت کی ہے اور اس میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید یہ بھی بتایا کہ فی الحال روٹری کلب کی طر ف سے بھٹکل سرکاری اسپتال(کوٹیج ہاسپٹل) میں ڈیالیسس سنٹر بڑی کامیابی سے چلایا جارہا ہے۔اس کے علاوہ 15مہیلاسنگھا کو 13لاکھ روپے قرض بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اور اس قرض میں سو فیصد واپس وصولی بھی ہوگئی ہے۔
اس موقع پر روٹری کلب کی صدر ایس ایم خان کے علاوہ دیگر ذمہ داران میں ڈاکٹر گوریش پڈکونی،نذیر قاسمجی،ڈاکٹر مشتا ق احمد باوی کٹے،شاکر حسین وغیر ہ حاضر تھے۔